Buy website traffic cheap


سعودی ولی عہد سے کویتی ولی عہدکی ملاقات،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ریاض:سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے کویتی ولی عہدکی ملاقات ۔ قصرِ یمامہ میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر کویتی ولی عہد نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام امیر کویت شیخ نواف الصباح کا دستی مکتوب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت آمد پر کویتی ولی عہد اور ہمراہی وفد کو خوش آمدید کہا جبکہ کویتی ولی عہد نے سعودی عرب کے دورے اور ولی عہد سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماوں نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے طریقوں اور باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد کی معاونت کے لیے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، کویت میں سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان موجود تھے۔

کویتی ولی عہد کی معاونت کے لیے مشیر ایوان ولی عہد ضاری العثمان ، وزیر پٹرولیم و وزیراعلی تعلیم ڈاکٹر محمد الفارس، وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد الصباح، وزیر داخلہ شیخ سامر الصباح، ڈائریکٹر دفتر ولی عہد جمال الذیاب، سیکریٹری خارجہ مازن العیسی، اور سعودی عرب میں متعین کویتی سفیر شیخ علی الصباح شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح منگل کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کویت کے ولی عہد کا خیرمقدم کیا ہے۔

کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق شیخ مشعل الصباح 2020 کے دوران ولی عہد کے منصب پر فائز ہوئے تھے، وہ پہلی بار وہ بیرونی دورہ کر رہے ہیں۔پروگرام کے مطابق سعودی عرب اور کویت کے منفرد تعلقات اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سعودی قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے سات اکتوبر 2020 کو فرمان جاری کرکے شیخ مشعل الصباح کو کویت کا ولی عہد مقرر کیا تھا۔