کورونا میں مبتلا رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی انتقال کر گئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی(ف) کے رہنما اور ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی انتقال کر گئے۔

منیر خان اورکزئی کو رات گئے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ منیر خان کا 24 اپریل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے۔ منیر خان اورکزئی کی نماز جنازہ آج تین بجے ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے منیر خان اورکزئی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

15 مئی کو انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے دوران ان کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی تھی اور ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں کچھ عرصے تک حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا۔