Buy website traffic cheap


نیوزی لینڈ کے کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کیلئے پرجوش

لاہور: نیوزی لینڈ کے کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان جہاں شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے تو وہیں مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سوئیپ کیا تھا۔اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز یاسرحمید نے (356 رنز) بنائے تھے جبکہ محمد سمیع نے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریزمتحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ یہ وہ وقت تھا جب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلا کرتی تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اب تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچزپر مشتمل سیریز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچےگی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 25 ستمبر سےقذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے۔

مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی پاکستان آمد سے قبل ہی پاکستان اور پاکستانی فینز کے دلدادہ ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی تماشائیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔