Buy website traffic cheap


کورونا وائرس ؛ سندھ میں طویل مدت کیلئے تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز

لاہور(ویب ڈیسک) سندھ میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سکولوں میں چھٹیاں بڑھانے کی سفارش کر دی گئی۔ محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ کو طویل مدت کیلئے سکول بند رکھنے کی تجویز بھی دے دی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، محکمہ صحت سندھ کراچی ائیرپورٹ پر اپنا ہیلتھ ڈیسک قائم کر کے سکریننگ کرے گا، تمام ہسپتال کورونا سے متعلق معلومات کیلئے فرنٹ لائن ڈیسک قائم کریں گے۔ بڑے عوامی اجتماعات سے بچنے کے لئے آج ایک ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔

خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔