Buy website traffic cheap


پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ممالک میں سر فہرست ہو گا:فواد چوہدری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ 1000 سے زائد وینٹی لیٹر فنکشنل نہیں تھے اس لیے ملک کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنا کر کورونا کے مریضوں کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر نجی ہسپتال کا وینٹی لیٹر خراب ہے تو ہم اسے بالکل مفت فعال کریں گے بشرط یہ کہ نجی ہسپتال والے کورونا مریض کو اس کی سہولت مفت فراہم کریں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں انجینئرنگ ادارے اب تک 150کے لگ بھگ خراب وینٹی لیٹرز فعال کر چکے ہیں، خوشی ہے پاکستانی نوجوان انجینئرز مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خراب وینٹی لیٹرز کی مرمت کے ساتھ ہسپتالوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے، مینوفیکچرنگ سے پہلے لائسنسز کے عمل کا جلد آغاز ہو گا۔وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج پاکستان اپنے وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس بنانے جا رہا ہے۔

فواد چوہدری نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر کورونا کو شکست دیں گے، انشاء اللہ پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ممالک میں سرفہرست ہو گا۔