Buy website traffic cheap


قومی ٹی 20 کپ، لٹل اسٹارز پہلے ہی روز جگمگا اٹھے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لٹل اسٹارز پہلے روز ہی جگمگا اٹھے جب کہ عبداللہ شفیق ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی بن گئے۔

ملتان اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ذیشان اشرف15تک محدود رہے۔ کپتان شان مسعود اپنی ففٹی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرنے کے بعد آﺅٹ ہوئے،انھوں نے 33 گیندوں پر 4چوکوں اور 3چھکوں سمیت 51رنز بنائے، صہیب مقصود نے 51رنز کی اننگز میں صرف 26گیندوں کا استعمال کیااور5چوکے و3چھکے لگائے،خوشدل شاہ6رنز بناسکے،حسین طلعت نے 34اسکور کیے،سیف بدر12اور عامر یامین 18رنز تک محدود رہے، عمر خان صفر پر رن آﺅٹ ہوئے، سدرن پنجاب نے 8وکٹ پر 200رنز بنائے،صہیب اللہ 3شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں سینٹرل پنجاب کے رضوان حسین اور عابد علی کھاتہ کھولے بغیر رخصت ہو گئے۔اس کے بعد کامران اکمل اور عبداللہ شفیق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری نویں اوور میں ہی مکمل کرا دی،وکٹ کیپر بیٹسمین 41گیندوں پر 11چوکوں اور 2چھکوں سے مزین 75رنز بناکر آﺅٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 146تھا،اس کے بعد عبداللہ شفیق ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بن گئے،ٹیم نے ہدف 7گیندوں قبل 3وکٹ پر حاصل کرلیا، عبداللہ شفیق نے 58گیندوں پر 11چوکوں اور 4چھکوں سمیت 102رنز بنائے،کپتان سعد نسیم 18پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ قبل ازیں پہلے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنر علی عمران 21 رنزبناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے تو ٹوٹل 24 تھا، اس کے بعد حیدر علی اور ذیشان ملک نے وہاب ریاض، عثمان شنواری، جنید خان اورشاہین شاہ آفریدی پر مشتمل پیس بیٹری کے مقابل قومی ٹی ٹوئنٹی کی ریکارڈ شراکت قائم کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلیے 180 رنز جوڑے، حیدر علی نے 48 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں سمیت 90 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر ذیشان ملک 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، دونوں جنید خان کی وکٹ ثابت ہوئے۔