Buy website traffic cheap


پی آئی اے طالبان حکومت میں کابل جانے والی پہلی بین الاقوامی پرواز بن گئی

کابل: افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز کابل پہنچ گئی۔

پی کے 6249 اسلام آباد سے روانہ ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق پونے دس بجے کابل پہنچی تو ائیرپورٹ پر خدمات کی بحالی کیلئے افغان سول ایوی ایشن اور مقامی پی آئی اے کے عملے نے خصوصی انتظامات کیے۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور دیگر سفارتی عملے کی اس سلسلے میں کاوشیں قابل ذکر ہیں۔

پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر کموڈور جواد ظفر پی آئی اے کے سی ای او کے نمائندے کی حیثیت سے خود جہاز میں موجود تھے۔ پی ا?ئی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا۔

تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز ہینڈل کی اور کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں کیا گیا۔کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی مسافر پرواز تھی جس کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔

سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے اور پوری دنیا کیلئے یہ آپریشن بہت اہم ہے، سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ رابطے بحال کئے جائیں، امید ہے جلد ہم مکمل طور پر آپریشن بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔