Buy website traffic cheap


بلوچستان میں کورونا مریضوں کے علاج کیلئے پلازمہ تھراپی کا آغاز

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کورونا سے صحتیاب افراد کے پلازمہ سے شروع کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر سلیم ابڑو نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے غیر معمولی پیش رفت ہوگئی اور کورونا وائرس سے صحت مند ہونے والے افراد کے پلازمہ کے ذریعے کوئٹہ میں بھی مریضوں کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاج کے لیے ابتدائی طور پر دو مریضوں کو پلازمہ لگایا گیا، دونوں مریضوں میں مثبت پیشرفت دیکھنے میں آرہی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے مزید بتایا کہ پلازمہ کے ذریعے علاج کے لیے طبی ماہرین کی ٹیم کوئٹہ کے مقامی ڈاکٹرز کو بھی تربیت دے گی، جس کے بعد اس طریقہ علاج کو صوبے بھر میں وسعت دی جائے گی۔

ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے بتایا کہ پلازمہ کی کولیکشن ریجنل بلڈ سینٹر میں ہوگی، طبی پروسیجر مکمل کر کے شیخ زید ہسپتال، فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال و دیگر مخصوص ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت بلوچستان کورونا وائرس کے علاج میں خاصی پیش رفت حاصل کر رہا ہے، جلد مزید اچھی خوشخبری ملے گی۔