Buy website traffic cheap


لوئر آرڈر میں کھیلنے سے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں مل سکا، محمد رضوان

کراچی: محمد رضوان نے کامیابی کا کریڈٹ کوچز کو دیتے ہوئے کہا کہ لوئر آرڈر میں کھیلنے سے صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع نہیں مل سکا۔ سلیم خالق کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ماضی میں لوئر آرڈر میں کھیلنے کی وجہ سے مجھے صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع نہیں مل سکا، کبھی تو نمبر 10 پر بھی بھیجا گیا۔ اس لیے میرے اسٹرائیک ریٹ کی بات ہوتی رہی، بولنگ کوچ وقار یونس ہمیشہ کہتے کہ میں ٹاپ آرڈر کا بیٹسمین ہوں، ہیڈ کوچ مصباج نے اعتماد کیا اور مجھے موقع دیا، اللہ تعالیٰ نے عزت رکھی۔

محمد رضوان نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میری فارم اچھی ہے مگرمیری سوچ الگ ہے، میں فارم کو ایک منفی لفظ سمجھتا ہوں، یہ نہیں کہ فارم لگی ہوئی ہے تو میں محنت چھوڑ دوں،میرے بس میں کوشش ہے جو نیک نیتی سے کرتا ہوں،انھوں نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاﺅ آتے رہتے ہیں، میں یہ نہیں سوچتا کہ کوئی بڑا تیر مارلیا،میں محنت کرتے ہوئے نتائج اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیتا ہوں۔

کراچی کنگز کی جانب سے مواقع نہ دیے جانے پر اب حساب چکتا کرنے کا ذہن میں رکھ کر بیٹنگ کے سوال میں انھوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ میں ملتان سلطانز مجھے معاوضہ دے رہے ہیں تو ٹیم کیلیے جان لڑانا میرا فرض ہے، میں یہی کروں گا،ماضی میں لاہور قلندرز میں بھی رہا، ان ٹیموں میں بھی میرے دوست کھیل رہے ہیں،صرف اپنی اور ٹیم کی پرفارمنس پر توجہ مرکوز ہوگی۔

رضوان نے کہا کہ انڈر 19 میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد کرکٹ میں مستقبل سے مایوس ہو گیا تھا، کلب کرکٹ اور اکیڈمی کے بعد اسلامیہ کالج کی جانب سے کھیلتے ہوئے گھر والوں کو بھی اندازہ ہوا کہ میرا مستقبل بن سکتا ہے۔