
خاتون کے جگر میں حمل ٹھہر گیا
اونٹاریو: کینیڈا میں رہنے والی ایک 33 سالہ خاتون میں رحمِ مادر (womb) کے بجائے جگر میں حمل ٹھہر گیا۔ یہ انتہائی کمیاب طبّی واقعہ ہے اور اب تک اس طرح کے بہت کم واقعات ہی ہمارے مشاہدے میں آئے ہیں۔
یہ انکشاف گزشتہ ہفتے مینیٹوبا، کینیڈا میں چلڈرنز ہاسپٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر مائیکل ناروے نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو میں کیا جسے اب تک تقریباً پچاس لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔
مختصر ویڈیو میں ڈاکٹر مائیکل نے اس کیس کے بارے میں بتایا جو ان ہی کے اسپتال میں لایا گیا تھا۔خاتون کی شناخت ظاہر کیے بغیر، ڈاکٹر مائیکل نے بتایا کہ وہ خاتون غالباً 7 ہفتے کی حاملہ تھی لیکن پچھلے 14 دن سے شدید قسم کی زنانہ پیچیدگیوں کا سامنا بھی کر رہی تھی۔
الٹراساونڈ سے معائنے اور مزید چھان بین سے پتا چلا کہ اس خاتون میں رحمِ مادر کے بجائے جگر میں حمل ٹھہر گیا ہے جو آہستہ آہستہ پروان چڑھ رہا ہے۔خاتون کی جان بچانے کےلیے ان کا فوری آپریشن کیا گیا، جس میں جگر سے چپکے ہوئے ناپختہ جنین (فیٹس) کے ساتھ ساتھ ان کا رحمِ مادر بھی نکالنا پڑا۔
اب وہ خاتون زندہ اور صحت مند ضرور ہیں لیکن ماں بننے کے قابل نہیں رہی ہیں۔