Buy website traffic cheap


ممتاز صنعت کار حسین داؤد کا کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے دینےکا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ممتاز صنعت کار حسین داؤد نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے دینےکا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے ممتاز صنعت کار اور اینگرو کارپوریشن کے سربراہ حسین داؤد نے اپنے خاندان اور داؤد فاونڈیشن کی جانب سے وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں حسین داؤد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سدباب کے لیے حکومت اور مختلف اداروں کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔حسین داؤد کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ ملک کے اہم مسائل کے حل کے لیے کوشش کرتے رہے ہیں اور جب قوم مشکل میں ہو توبنیادی اخلاقی اقدار کے مطابق ایسا کرنا اور ضروری ہوجاتا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں ہر شخص وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دے، یہ ریلیف فنڈ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے استعمال ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلیف فنڈ کہاں استعمال ہورہا ہے اس کی مکمل تفیصل قوم کو بتائی جائے گی جب کہ آپ اس میں جو پیسہ ڈالیں گے اس کے بارے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 2300 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 33 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔