Buy website traffic cheap


پنجاب سیاحت کا مرکزبن گیا

ایچ آئی ہاشمی
رواں سال کے اوائل میں برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کر دی ہے۔ امریکی ٹریول ایڈوائزری میں برطانیہ ٹریول ایڈوائزری کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ امریکی ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ناروے اور پرتگال نے بھی پاکستان کیلئے ایڈوائزری بہتر کر دی۔ پاکستان کو 2020ءکیلئے سیاحت کا سازگار مقام قرار دیا گیا ہے اور پاکستان کو ایک پرامن ملک قرار دیا گیا ہے۔ یورپی ممالک بھی پاکستان کواب محفوظ ملک سمجھتے ہیں۔ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان میں امن و امان کے قیام کو تسلیم کیا گیا ہے‘ اسی بناءپر برطانیہ نے بھی اپنی ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کی تھی اِسی طرح یہ بھی خوش آئند بات ہے کہ اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو دوبارہ فیملی اسٹیشن قرار دیدیا ہے۔اگر دیکھا جائے توپاکستان میں سب سے زیادہ سیاحت کو فروغ 1970 کی دہائی میں ملا۔مگر وقت کے ساتھ پاکستانی کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کی بدولت سیاحت پر کالے بادل منڈلانے لگے ، اور سیاح پاکستان کو اپنے لئے غیرمحفوظ تصور کرنے لگے، جبکہ دوسری جانب حالات سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے چھپ کر وار کرنے والے دشمنان وطن کی جانب سے غیر ملکی سیاحوں کو ہراساں کیا جانے لگا جس نے پاکستان میں سیاحت کوکڑی ضرب لگائی۔پھر نائن الیون کے بعد خطے کی جو صورتحال سامنے آئی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔تخریب کاریوں اور دہشت گردی کاایک طوفان اُمڈآیا جو سیکورٹی اداروں کیلئے بھی بڑا چیلنج تھا، اللہ کے کرم سے پاک فوج، اور دیگر سیکورٹی اداروں نے عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ جنگ لڑی اور پاکستان میں دہشت گردی کا قلع قمع کر کے رکھ دیا اور پاکستان میں ایک بار امن بحال ہوگیا۔ امن کا قیام بلاشبہ سیاحت کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل تھا جسے عبور کر لیا گیا یہاں یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت نے براسراقتدار آتے ہی سیاحت کے فروغ کو بھی اپنی اولین ترجیح قرار دیا ۔ ورنہ سیکورٹی ایشو اپنی جگہ پاکستان میں سیاحت فروغ نہ پانے والی وجوہات میں سب سے بڑی وجہ حکمرانوں کی طرف سے توجہ نہ دینا بھی تھا ۔کسی بھی حکومت نے اس طرف نظر کرم نہیں کی،علاوہ ازیں جو اس سے متعلقہ ادارے ہیں ان کی بھی ترجیح سیاحت نہیں ہے شائد ان کی ترجیح بھی سیاست رہی ہے ،اس طرح یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ سیاحت بھی سیاست کی نذرہو گئی ہے۔مگر اب حالات یکسر بدل چکے ہیں اور ترجیحات بھی ۔اور یوں حکومت پنجاب بھی سیروسیاحت کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات سنجیدگی سے کر رہی ہے ۔
گزشتہ دنوں محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام آج شالامارباغ میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے شالامارباغ کے تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور شالا مارباغ کے مختلف حصے دیکھے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہیرٹیج مقابلے میں بہترین تصویروں پر فوٹو گرافرز میں انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو سیاحت کا مرکز بنائیں گے -سیاحوں کے لئے نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کیا جا رہا ہے اورپنجاب سیاحت میں لیڈ لے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے شالا مارباغ میں ثقافتی اور ہیری ٹیج کی نمائش دیکھی اور آرٹسٹوں کے کام کی تعریف کی- صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وزیراعلی عثمان بزدار کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔مشیر وزیر اعلی برائے سیاحت آصف محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر سیاحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں -پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے علیحدہ اتھارٹی بنے گی-ماضی میں سیاحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا-صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال ، چیئرمین ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب سہیل ظفر ، سیکرٹری سیاحت ، کمشنر لاہور ڈویژن ، سیکرٹری اطلاعات ، ایم ڈی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں-

 

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر ٹورازم پنجاب ایپ کاافتتاح بھی کر دیا – وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ٹورازم پنجاب ایپ کا آغاز کیا اور ڈی ٹی ایس سسٹم کی ایپ کا بھی افتتاح کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ 511سیاحتی مقامات کے بارے میں تمام معلومات پنجاب ٹور ازم ایپ کے ذریعے مہیا کی گئی ہیں- ایپ کے ذریعے شہری سیاحت سے متعلقہ معلومات اور خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے- ایپ کے ذریعے سیاحتی مقام کا روٹ بھی معلوم ہوسکے گا-شہری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب سے متعلقہ سہولتوں سے آن لائن استفادہ کریں گے-ٹی ڈی سی پی کے ہوٹلوںکی بکنگ بھی آن لائن کرائی جا سکے گی-شہری گوگل پلے سٹور پر جا کر موبائل ایپ ڈاﺅن لوڈ کر سکتے ہیں-ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ ٹورسٹ آپریٹرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے- ٹورسٹ آپریٹر ز اب آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے-ٹورسٹ آپریٹر زکے امور کو آٹو میٹڈ کردیا گیاہے-وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ای پےمنٹ کی سہولت بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے-انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے عوام کے لئے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں-عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی انقلاب ہے۔ صوبے میںسیاحت کے فروغ کے لئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے -وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کو سیاحت کا بہترین مرکز بنائیں گے-پنجاب میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے – سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے – پنجاب کے اندر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے- بعدازاںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںسیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور پنجاب ٹورازم ایپ کے اہم فیچرز سے آگاہ کیا گیا-مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود،چیف سیکرٹری ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، منیجنگ ڈائریکٹرٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
مزید براں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کچھ عرصہ قبل گورنمنٹ ہاﺅس مری کو بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا اور گورنمنٹ ہاﺅس مری کو پہلے ہی ایک ماہ میں تقریباً 10لاکھ روپے کی آمدن ہوئی ۔ پنجاب حکومت پہلے بھی مختلف محکموں کے 177 ریسٹ/ گیسٹ ہاﺅسز کو عوام کےلئے کھول چکی ہے۔سرکاری عمارتوں کو عوام کے لئے ریسٹ /گیسٹ ہاﺅسز میں بدلنا وی آئی پی کلچر کے خاتمے کی جانب اقدام ہے اور اس اقدام سے سرکاری ریسٹ/گیسٹ ہاﺅسز کو آمدن بھی حاصل ہوگی۔ عوام کو سیاحتی مقامات پر بہترین سہولتوں سے آراستہ ریسٹ /گیسٹ ہاﺅسز میں قیام کی سہولت ملے گی۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے وزیراعلی عثمان بزدار ن کا موقف ہے کہ پنجاب کو سیاحوں کیلئے پرکشش ترین صوبہ بنائیں گے،اسی طرح ادائیگی کرکے آن لائن بکنگ کے ذریعے ٹورازم کارپوریشن سے گورنمنٹ ہاﺅس مری میں قیام و طعام کی سہولت حاصل کی جاسکے گی۔ اگر دیکھا جائے تو پاکستان ایک سیاحتی ملک ہے جو دنیا بھر کے سیا حوں کی توجہ کا مرکز ہے جس کو قدرت نے ہر قسم کی زمین و آب ہوا دی ہے۔ پاکستان میں مختلف لوگ، مختلف علاقوں کی زبانوں نے پاکستان کو بہت سے رنگوں کا گھر بنادیا ہے۔جس میں ریگستان، ہریالی علاقے،پہاڑ، جنگلات، گرم علاقے، سرد علاقے،خوبصورت جھیلیں،جزائر اور بہت کچھ ہیں۔پاکستان میں کے ٹو،نانگا پربت،چترال،اسکردو،گلگت،ہنزہ،سوات، ہزارہ، مری اور کشمیر کے پہاڑی سلسلے سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہیں۔اس کے باوجودچند ماہ قبل تک ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق سیاحت کے حوالے سے مرتب کردہ140ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان122ویں نمبر پر تھا مگراب صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور پاکستان کو دنیا بھر سے آئیڈیل ملک قرار دیا جارہا ہے ۔ اور یوں ہی وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے نجی شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے کردار ادا کرے، سیاحتی زونز کے قیام میں ماحول اور قدرتی حسن کو مد نظر رکھا جائے۔اس سے بڑھ کر بھی یہ کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی پنجاب میں سیاحت کوفروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ شمالی علاقہ جات کے علاوہ سیاح پنجاب کی جانب رُخ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔
٭٭٭٭