Buy website traffic cheap


مودی کی چال الٹی پڑ گئی ہے : شاہ محمود قریشی

لاہور(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت تقسیم ہوچکی ہے، مودی کی چال الٹی پڑ گئی ہے، انڈین حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ ایک نئی حکومت ہے اور یہ ایک نیا پاکستان ہے، ہم حملہ کرکے ان کی سپلائی لائن بھی کاٹ سکتے تھے لیکن ہم نے صرف اپنی دفاع کی صلاحیت کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق :‌ گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی محاذ پہلا اور فوجی محاذ آخری دفاع ہوتا ہے، بھارت کی چال الٹی پڑ گئی، آج ان کے اپنے اوپر سوالیہ نشان ہے، بھارت کی مجبوری سمجھیں اس لیے وہ یکدم پیچھے نہیں ہٹ سکتے، انڈین حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ ایک نئی حکومت ہے اور یہ ایک نیا پاکستان ہے۔ انہوں نے پاکستان کی 27 فروری کو کی جانے والی کارروائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ان کی سپلائی لائن متاثر کرسکتے تھے لیکن فیصلہ کیا کہ کسی ملٹری ٹارگٹ کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا، ہم نے کارروائی کے دوران اپنی دفاع کی صلاحیت کا اظہار کیا۔بھارتی فوج ہمارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے، ہماری فوج نے ثابت کیا کہ وہ دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، پاک فوج نے اپنی صلاحیتوں سے بھارت کو واضح پیغام دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا اشتعال انگزیزی کو ہوا دے رہا ہے، وہ مخصوص ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔ بھارتی قیادت میں تقسیم دکھائی دے رہی ہے بھارت میں بڑاطبقہ جنگ نہیں چاہتا، دنیا بھارت کو کہہ رہی ہے کہ ہوش کے ناخن لو، ہماری ترجیح صرف امن ہے پاکستان چاہتاہے کہ حالات معمول پر آئیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی سرکاراپنی مقبولیت کھورہی ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ مودی مقبولیت کھونے پر کوئی حرکت کرے گا،مودی پورے خطے کو آگ میں دھکیل رہا ہے، بھارت نے جارحیت کی تو دفاع کا بھرپور حق رکھتے ہیں۔ خطے میں امن کیلئے رابطے جاری ہیں ، کل روس کے وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی، سعودی وزیر خارجہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گے، ہماری خواہش ہے کہ بات چیت سے مسائل حل ہوں ، برطانوی دارالعوام کے نمائندوں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، امریکہ نے بھی کردار ادا کرنا شروع کردیا ہے۔