Buy website traffic cheap

سابق گورنر پنجاب

سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ کی برطرفی کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرفی کے خلاف عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔

اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان نے درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ پنجاب کا ہے اس عدالت کا دائرہ کار نہیں بنتا ، متعلقہ دو فریقین کے خلاف یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

قبل ازیں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عہدے سے ہٹانے کے اقدام کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ عمر سرفراز چیمہ نے وکیل بابر اعوان کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق گورنر صوبے میں صدر کا ایجنٹ ہے اور ایگزیکٹو کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر کی خوشنودی پر وہ عہدے پر قائم رہ سکتا ہے ، لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیٹے حمزہ کو فائدہ پہنچانے کے لیے مجھے غیر قانونی طور پر عہدے سے ہٹایا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے درخواست میں کہا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بغیر اختیار کے جاری کیا گیا اور یہ خلاف آئین ہے، مجھے ہٹانے سے صوبے میں آئینی بحران پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ دو ماہ سے بغیر کابینہ کے چل رہا ہے، کابینہ ڈویڑن سے جس شخص نے مجھے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا یا کرایا ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دے کر بطور گورنر عہدے پر بحال کیا جائے۔