Buy website traffic cheap


نواز شریف کو حکومت نے باہر بھیجا واپس لانا اسی کی ذمہ داری ہے،اسلام آبادہائیکورٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے اور اب اس کی ذمہ داری ہے کہ نواز شریف کی حاضری یقینی بنائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے ڈاک کے ذریعے وارنٹس نواز شریف کی رہائش گاہ بھیجے، برطانیہ کے کامن ویلتھ آفس کو بھی وارنٹ گرفتاری کے بارے میں بتایا گیا، ہمارا ہائی کمیشن برطانیہ کی وزارت خارجہ کے ذریعے کورٹ میں جائے گا، اگر عدالت حکم دے گی تو نواز شریف کی Extradition (حوالگی) کی کارروائی کریں گے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں گے سے کیا مراد ہے، کیا وفاقی حکومت کی ذمہ داری نہیں انہیں واپس لانا؟ کیا وفاقی حکومت نے ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا؟ آج جو ہم یہاں رکے کھڑے ہیں یہ وفاقی حکومت کی وجہ سے ہے، بیس ہزار صفحات اپیل کے پڑے ہیں جن پر ہم نے فیصلہ کرنا ہے، یہاں ملزم کی حاضری ہی نہیں ہو پا رہی کہ آگے بڑھیں۔

ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، ان کی حاضری آپ نے یقینی بنانی ہے، وفاقی حکومت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی، یہ وفاقی حکومت کے پارٹ پر بڑا لیپس (کوتاہی) ہے۔