Buy website traffic cheap


روس کا مشرقی یوکرین کے مرکزی قصبے پر قبضہ

روس نے مشرقی یوکرین کے ایک اہم اسٹریٹیجک قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔یوکرینی حکومت کی جانب سے بھی اس خطے میں روسی پیش قدمی کا اعتراف کیا گیا ہے۔ لیمن نامی قصبے پر قبضے سے روسی فوجیوں کو ڈونباس خطے کے مشرق اور جنوب مغرب میں روڈ اور ریلوے نیٹ ورک کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

برطانوی انٹیلجنس کے مطابق روس کے حالیہ حملے کسی نئے محاذ کی تیاری ہو سکتے ہیں۔ برطانوی انٹیلجنس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس کا مقصد لوہانسک اور ڈونیسک خطے پر مکمل قبضہ کر کے وہاں روس میں شمولیت کے حوالے سے ریفرنڈم کرانا ہو سکتا ہے۔

روسی صدر نے جرمنی اور فرانسیسی سربراہان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا ہے کہ وہ کیف کے ساتھ مذاکراتی عمل کا دوبارہ آغاز کر سکتے ہیں۔تاہم روسی صدر پیوٹن نے برلن اور پیرس کو اس بات سے بھی خبردار کیا ہے کہ یوکرین کو اسلحے کی فراہمی صورتحال کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ ڈونباس کے خطے میں یوکرین سے علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے اور یوکرین پر حملے سے پہلے روس نے اس خطے کی دو ریاستوں کی آزاد حیثیت کو تسلیم کیا تھا۔