Buy website traffic cheap


فلپائنی اور روسی صحافی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا

اسٹاک ہوم: ناروے کی نوبل کمیٹی نے فلپائن کی ماریا ریسا اور روس کے دمتری موراتوف کو آزادی صحافت کےلیے غیرمعمولی خدمات پر 2021 کے نوبل انعام کا مشترکہ حقدار قرار دیا ہے۔

نوبل کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جمہوریت اور پائیدار امن کےلیے آزادی اظہار بنیادی اہمیت رکھتی ہے؛ اور ان دونوں صحافیوں نے آزادی اظہار کے تحفظ میں گراں قدر کوششیں کی ہیں جن کے اعتراف میں ان دونوں کو مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ماریا ریسا کا شمار جنوب مشرقی ایشیا کے مشہور ترین صحافیوں میں ہوتا ہے جو ایک طویل عرصے تک ”سی این این“ سے بھی وابستہ رہی ہیں۔
وہ نوبل انعام حاصل کرنے والی پہلی فلپائنی بھی ہیں۔دمتری آندرے وچ موراتوف کا تعلق روس سے ہے اور وہ 1995 سے 2017 تک روسی اخبار ”نوفایا گزیٹا“ کے چیف ایڈیٹر رہے ہیں۔

موراتوف کی ادارت میں اس اخبار نے حساس موضوعات بالخصوص روسی حکام کی بدعنوانی کے خلاف سخت تنقیدی لیکن قابلِ بھروسہ مواد شائع کیا اور نہ صرف روس بلکہ پوری مغربی دنیا میں شہرت حاصل کی۔