Buy website traffic cheap


سعودی عرب پاکستان کو ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا، وزیر خارجہ

جدہ: وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے جدہ میں خصوصی میڈیا ٹاک میں بتایا کہ عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی، ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں ان کی حالیہ رسائی کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

شاہ محمود نے کہا کہ وزیراعظم اور ولی عہد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جس کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطح رابطہ کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا جس کے تحت ہمارے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک “اسٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان” ترتیب دیا گیا ہے، سعودی ولی عہد کے مطابق، ان کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انہیں اگلے دس سال کے دوران، دس ملین، افرادی قوت درکار ہو گی جس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے، ایک معاہدہ “کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا۔ دو معاہدے بالترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے، ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا، دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو” سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے، 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا، اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا۔