Buy website traffic cheap


شہباز شریف بیرون ملک پاکستانیوں کے حق میں بول پڑے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک فوری طور پر بند کیا جائے۔

شہباز شریف نے کورونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات پر اپنے ردعمل کہا ہے کہ حکومت کا بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔انھوں نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاز چارٹر کریں لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک بند کیا جائے، مریض، بزرگ، طلباء اور فیملیز سمیت دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں،تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں پر لمبی قطاریں حکمرانوں کی بےحسی اورپاکستانیوں کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہر مرحلے پر ملک کی مدد کرنے والے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑ سکتے۔