Buy website traffic cheap


شعیب اختر کو وسیم خان کے اختیارات کی فکر لگ گئی

لاہور: پاکستان کے سپیڈ سٹار سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر کو وسیم خان کے اختیارات کی فکر لگ گئی ،سابق ٹیسٹ کرکٹر کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو پی سی بی کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہاکہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کرکٹ کیلیے بہترین کام کر رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہیں، جب تک اوپر اوسط درجے کا شخص ہوگا، فیصلے بھی اسی طرح ہوں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اچھے اسکواڈ کا انتخاب کیا مگر آل راﺅنڈر عماد وسیم کا ڈراپ ہونا نہیں بنتا، ان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنتی تھی، پی ایس ایل ہماری اپنی لیگ اوراس سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو مواقع دینا اچھی بات ہے لیکن شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے۔

شعیب اخترنے کہاکہ امید ہے پاکستان اور بھارت کی سیاسی کشیدگی کم ہونے سے کرکٹ بحال ہوجائے گی،اس میں دونوں ملکوں کا فائدہ ہے لیکن ہمیں کوشش کرنا چاہیے کہ ہماری کرکٹ اتنی مضبوط ہو کہ کسی کی ضرورت نہ رہے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر لیگ کروانے کا فیصلہ بڑا اچھا ہے مگر ایسا نہ ہوکہ اس کے معاملات خراب شہرت کے حامل لوگ کے ہاتھ میں ا?ئیں اور ایونٹ چل نہ پائے،بہرحال اس نوعیت کے مقابلے کروانے سے اگر پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو حلال کی کمائی کا اچھا موقع ملتا ہے تو کوئی خرابی نہیں۔