
پریکٹس میچ سے قبل وقار یونس نے لیٹ سوئنگ کا فن سکھایا، جس کا فائدہ ہوا، سہیل خان
ڈربی (مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے جانے والے پہلے چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے سہیل خان نے اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈیٹ وقار یونس کو دیتے ہوئے کہاہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ نے انہیں انگلینڈ میں لیٹ سوئنگ کے گر سکھائے ہیں۔
انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں انگلش کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے والے فاسٹ بائولر سہیل خان نے اس سے قبل 2016 میں دورہ انگلینڈ کے 2 ٹیسٹ میچوں میں 25 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس سیریز میں انہوں نے 2 مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔فاسٹ بائولر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں، یہاں ہر باولر کا گیند سوئنگ ہوتا ہے لہٰذا انہوں نے چار روزہ پریکٹس میچ سے قبل وقار یونس سے لیٹ سوئنگ کا فن سیکھنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ وقار یونس ایک لیجنڈ ہیں جو بات انہیں گذشتہ چند روز سے الجھائے ہوئے تھی، وقار یونس نے وہ5 منٹ میں سکھا دی۔فاسٹ بائولر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔سہیل خان نے مزید کہاکہ وہ بائولنگ کوچ وقار یونس کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بائولنگ کا فن سیکھنے کے لیے وقار یونس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ 4 سال بعد ٹیم میں واپسی پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں دورہ انگلینڈ میں 2 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد اسی سرزمین پر ایک بار پھر اچھی بائولنگ کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔
سہیل خان نے کہا کہ جس طرح کورونا وائرس کے وقفے کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے ایک منصوبہ بندی کے تحت کھلاڑیوں کی بتدریج کرکٹ میں واپسی کے عمل کو یقینی بنایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی مصباح الحق، وقار یونس،یونس خان اور مشتاق احمدکی انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان فاسٹ بائولرز نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہ دونوں نوجوان فاسٹ بائولرز کی نیٹ اور میچ میں عمدہ کارکردگی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو 150 کی رفتار پر بائولنگ کرتے دیکھنا ایک پرمسرت لمحہ ہوتاہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین بائولر ہیں۔