Buy website traffic cheap


داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں۔غیر ملکی جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے کے لیے ناگزیر ہے، افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کے لیے اہم ترین تجارتی گزرگاہ ہے، وسط ایشیائی ممالک افغانستان کےراستے پاکستان تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ملک ہے، وہاں کے حالات ہم پر اثرانداز ہوتے ہیں، ہم کسی کا ساتھ نہیں دے رہے ، ہم امن کی بات کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں افغانوں کو مختلف قسم کے مسائل کا سامناہے، امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ پیدا ہوا، افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت آچکی ہے، جو افغانستان میں صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے، صورت حال پر قابو پانے کے لیے طالبان کو موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے، افغانستان میں مضبوط طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں سے نمٹ سکتی ہے، داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، دنیا کو افغانستان کے ساتھ ہر صورت بات چیت کرنی چاہیے، افغانستان میں صورتحال کشیدہ ہوئے تو اثرات بہت دورتک جائیں گے۔ طالبان نے 20 سال بعد حکومت سنبھالی ہے، طالبان نے خواتین کے تعلیم سے انکار نہیں کیا بلکہ شرعی طریقے سے حصول کی بات کی، طالبان نے واضح کیا ہے وہ تعلیم ، خواتین کے حقوق اور دیگر مسائل کو حل کریں گے، افغانستان کی آدھی سے زائدآبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے، پاکستان چاہتا ہے دنیا کے دیگر ممالک افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے 20 سال افغانستان میں رہ کر دیکھ لیا کہ مسائل کا حل کیا ہے، اشرف غنی کی حکومت اور ان کے سیکیورٹی فورسز آج کہاں ہیں؟ امریکا نے اشرف غنی حکومت اور سیکیورٹی فورسز پر بھاری سرمایہ کاری کی، کابل میں کرپٹ حکومت کی وجہ سے ہی طالبان کو شہرت ملی، 3 لاکھ افغان فوجیوں نے لڑے بغیر ہتھیار ڈالے، امریکا کو افغانستا ن کی صورتحال سے دھچکہ لگا، امریکی عوام کو افغانستان کی اصل صورتحال سے گمراہ رکھا گیا، امریکی اس وقت صدمے میں ہیں، میرا خیال نہیں کہ وہ ابھی صورت حال کو ہضم کرپائے ہیں۔