Buy website traffic cheap


طالبان نے سہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں مستقل مندوب مقرر کرنے کی درخواست دیدی

کابل: طالبان نے سہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں اپنا مستقل مندوب مقرر کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ دیا۔امارت اسلامیہ افغانستان نے اقوام متحدہ میں ترجمان سہیل شاہین کو اپنا مستقل مندوب مقرر کرنے کے خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو خط بھی لکھا گیا ہے۔

طالبان کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست کے لیے حریف درخواست 9 رکنی کمیٹی کو بھیجی دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں امریکا، چین اور روس بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اگر کمیٹی سہیل شاہین کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو اقوام متحدہ میں اشرف غنی دور سے افغانستان کی نمائندگی کرنے والے غلام اسحاقزئی کو نشست چھوڑنا پڑے گی تاہم کمیٹی کے فیصلے تک وہ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

ترجمان سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں طالبان کی اس درخواست کے جواب میں دنیا افغانستان میں تمام اقوام اور طبقات پر مشتمل مخلوط حکومت اور کابینہ میں خواتین کی شمولیت سمیت انسانی حقوق کو یقینی بنانے جیسے مطالبے رکھ سکتی ہے۔