Buy website traffic cheap


طلاق سے متعلق مذاق میں بات کی، صنم جنگ

کراچی :اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے رواں برس جنوری میں اپنی طلاق کی افواہوں سے متعلق کہا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر مذاق میں ایک جگہ کمنٹ کیا مگر لوگوں نے اسے سچ سمجھ کر خبریں پھیلائیں۔

رواں برس جنوری میں صنم جنگ کی طلاق کی افواہیں پھیلی تھیں، جس پر بعد ازاں انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ان کی شادی ختم ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔

اب انہوں نے اس پورے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے ایک پوسٹ پر مذاق میں کیے گئے کمنٹس کے بعد ہی مذکورہ افواہیں شروع ہوئی تھیں۔

ایک انٹرویو میں صنم جنگ نے بتایا کہ ان کی جانب سے تنہا تصویر شیئر کیے جانے پر کسی نے ان کی طلاق سے متعلق کمنٹس کیا تو انہوں نے بھی ازراہ مذاق طلاق پر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹ کرنے والی خاتون کو مذاق میں جواب دیا کہ ان کی وجہ سے ہی اداکارہ کی طلاق ہوگئی اور ان کی مذاق میں کہی گئی بات پھیل گئی کہ ان کے خاندان میں بھی ہنگامہ مچ گیا۔

صنم جنگ نے مزید کہا کہ چوں کہ وہ سوشل میڈیا پر عام طور پر تنہا تصاویر شیئر کرتی ہیں جس وجہ سے لوگوں نے ان کی طلاق کی چہ مگوئیاں شروع کیں اور بعد میں من گھڑت خبریں پھیلا دیں۔

اداکارہ کے مطابق لوگوں کی جانب سے طلاق کی افواہیں پھیلانے پر اگرچہ انہیں کوئی فرق نہیں پڑا مگر ان کے خاندان والوں کو پریشانی ہوگئی تھی۔

صنم جنگ نے انٹرویو میں طلاق کی افواہوں کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ قرار ڈرامے میں ان کے منفی کردار کو بہت سراہا گیا اور انہیں آئندہ بھی منفی کردار ادا کرنے کا حوصلہ ملا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار منفی کردار ادا کیا، ورنہ اب تک وہ مثبت کرداروں میں دکھائی دیتی تھیں اور ہمیشہ ڈراموں میں روتی رہتی تھیں مگر قرار میں انہوں نے دوسروں کو رلایا۔

صنم جنگ نے بتایا کہ حقیقی زندگی میں وہ دوسروں کو رلانے والی نہیں اور نہ ہی تمام فیصلے اپنی ضد اور مرضی کے مطابق کرتی ہیں بلکہ وہ تمام فیصلوں میں خاندان والوں کی رائے کو بھی شامل کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اداکاری سے بہتر انداز میں میزبانی کرتی ہیں، کیوں کہ انہوں نے بطور میزبان ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔صنم جنگ نے 2016 کے آغاز میں سید عبدل قسام جعفری سے شادی کی تھی، جن کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں، انہیں ایک بیٹی ہے۔