Buy website traffic cheap


کورونا،وفاقی حکومت نے انتہائی مایوس کیا:بلاول زرداری

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت سست روی سے کام کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کورونا کی صورتحال پر برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کی وبا سے باہمی عالمی تعاون سے ہی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر ممالک کو کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہو گی کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرسکیں، وسائل والے ممالک کو صحت کی سہولیات کی دنیا بھرمیں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہو گا، آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں جب کہ بھارت اب تک مقبوضہ کشمیر کو بند کیے بیٹھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کے پاس کوئی سہولت نہیں ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے، ہمارا نظام صحت اتنا وسیع نہیں کہ اس وبا کا مقابلہ کر سکے، ہم لاک ڈاؤن اورسماجی دوری کے ذریعے ہی اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹلی اوربرطانیہ کا نظام صحت بھی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سےبیٹھ گیا ہے، ہمارے پاس تو اٹلی اوربرطانیہ کے مقابلے میں صحت کا نظام بہت کمزورہے، اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے، افسوس کہ وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے سست روی سے کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے صوبوں کو بہت کم مدد مل رہی ہے، صوبے اپنے اپنے طور پر کام کر رہے ہیں لیکن اس وبا پر ہم مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی قابو پا سکتے ہیں۔