Buy website traffic cheap


دورہ پاکستان؛ کینگروز کورونا کو بہانہ نہیں بنائیں گے

کراچی: پاکستان ٹور کیلئے کینگروز کورونا کو بہانہ نہیں بنائیں گے، آسٹریلیا پاکستانی گراونڈز کو رونق بخشنے کے اپنے وعدے پر بدستور قائم ہے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے 3 ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کیلئے پاکستان کا 2022 میں دورہ کرنا ہے

ایک ماہ طویل اس دورے کا آغاز 3 مارچ سے ہوگا جبکہ اس کا اختتام 5 اپریل کو ہوگا، یہ آسٹریلوی ٹیم کا 24 برس بعد پاکستان کا پہلا ٹیسٹ ٹور ہوگا، سیکیورٹی ایشوز کی وجہ سے کینگروز 1998 کے بعد سے پاکستان ٹیم کے ساتھ میچز صرف اپنے ملک، متحدہ عرب امارات اور انگلینڈ میں کھیلتے رہے۔

پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد غیرملکی ٹیموں کے ٹورز میں باقاعدگی آنے لگی جبکہ یہاں پر بتدریج پاکستان سپر لیگ کی واپسی سے بھی غیرملکی ٹیموں کا اعتماد بحال ہوا، رواں برس نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے بھی طویل عرصے بعد پاکستان کا ٹور کرنا تھا، کیویز خیر و عافیت سے یہاں پہنچے بھی تھے مگر غیرتصدیق شدہ سیکیورٹی خدشے کو جواز بناکر اس وقت ٹور ختم کرنے کا اعلان کردیا جب پہلا ون ڈے راولپنڈی میں بس شروع ہونے ہی والا تھا۔

کیویز کی اس حرکت کا براہ راست انگلینڈ کے مختصر ٹی 20 ٹور پر اثر پڑا، جس نے بائیوببل تھکان کا بہانہ بناکر اپنی ٹیم بھیجنے سے معذرت کرلی تاہم حال ہی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، اگرچہ یہ کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر رہا مگر اس کے ساتھ ہی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگئی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی مستقبل قریب میں پاکستان کے ٹور کی تصدیق کرچکی ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم کے ٹور کا پورا پروگرام پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ جاری کرچکا ہے جس کے مطابق پہلا ٹیسٹ 3 مارچ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم، دوسرا 12 مارچ سے راولپنڈی اور تیسرا 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا، تینوں ون ڈے اور واحد ٹی 20 بھی 29 ماچ سے 5 اپریل تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔