Buy website traffic cheap

world's most powerful magnet

دنیا کا طاقتور ترین مقناطیس جو طیارہ بردار بحری جہاز تک کو کھینچ سکتا ہے!

پیرس / واشنگٹن: امریکا میں تیار کیا گیا، دنیا کا سب سے طاقتور مقناطیس ”سینٹرل سولینوئیڈ“ ایک طویل سفر کے بعد بالا?خر فرانس میں اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ گیا ہے جہاں اسے عالمی اشتراک سے بننے والے فیوڑن ری ایکٹر یعنی ”آئی ٹی ای آر“ میں نصب کیا جائے گا۔

سینٹرل سولینوئیڈ کو امریکی ادارے ”جنرل اٹامکس“ نے کئی سال کی محنت سے تیار کیا ہے۔ یہ اتنا طاقتور ہے کہ ایک لاکھ ٹن وزنی، طیارہ بردار بحری جہاز تک کو اپنی مقناطیسی طاقت سے کھینچ سکتا ہے۔

یہ مقناطیس 14 فٹ چوڑا اور 60 فٹ اونچا ہے جو سپر موصل (سپر کنڈکٹر) مادّے استعمال کرتے ہوئے اتنی شدید مقناطیسی قوت پیدا کرسکتا ہے جو مبینہ طور پر زمینی مقناطیسی میدان کے مقابلے میں 28000 گنا زیادہ ہے۔

فرانس میں پہنچ جانے کے بعد اسے ”انٹرنیشنل تھرمونیوکلیئر ایکسپیریمنٹل ری ایکٹر“ (ITER) کی سائٹ تک پہنچایا جائے گا، جہاں یہ عملِ گداخت (فیوڑن ری ایکشن) سے تجارتی پیمانے پر بجلی بنانے کے اوّلین عالمی منصوبے کا حصہ بن جائے گا۔

واضح رہے کہ فیوڑن ری ایکٹر، جسے ”تھرمو نیوکلیئر ری ایکٹر“ بھی کہتے ہیں، عین اسی اصول پر کام کرتا ہے کہ جس پر نہ صرف سورج بلکہ کائنات کے تمام ستارے اربوں سال سے زبردست توانائی پیدا کررہے ہیں۔

اس عمل میں ہائیڈروجن کے ایٹم آپس میں مل کر ہیلیم بناتے ہیں اور نتیجتاً زبردست توانائی خارج ہوتی ہے۔پچھلے 70 سال سے جاری کوششوں کے باوجود، زمین پر اب تک ایسا کوئی ایٹمی ری ایکٹر (بجلی گھر) نہیں بنایا جاسکا جس میں فیوڑن کا عمل قابو میں رکھتے ہوئے، تجارتی پیمانے پر توانائی پیدا کی جاسکے۔