صائم ایوب کا علاج دنیا کے بہترین ماہرین سے کرائیں گے:محسن نقوی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہونے والے قومی کرکٹر صائم ایوب کو فوری طور پر علاج کے لیے لندن بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، یہ فیصلہ طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے صائم ایوب سے فون پر بات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ لندن کے ماہر اسپورٹس آرتھوپیڈک ڈاکٹرز صائم ایوب کا معائنہ کریں گے، اور ان کی اپوائنٹمنٹ بھی بک ہو چکی ہے۔ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز علاج کے تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس پہلے ہی لندن بھجوائی جا چکی ہیں۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ صائم ایوب ٹیم کے انتہائی اہم کھلاڑی ہیں، اور ان کی انجری پر گہری تشویش ہے۔ انہیں کیپ ٹاؤن سے پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے لندن روانہ کیا جائے گا، جہاں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

محسن نقوی نے یقین دلایا کہ صائم ایوب کے علاج کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور امید ظاہر کی کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران صائم ایوب کے دائیں پاؤں کے ٹخنے میں چوٹ آئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں