ایک معروف تُرک کہاوت ہے ”اتنا کہہ دینا کافی نہیں ہوتا کہ میں تمہارا بھائی ہوں، یہ بھی بتا دیا کرو، ہابیل یا قابیل؟“ جب یہ کہاوت پہلی بار پڑھی، تو ٹھک کر کے سیدھی دل میں جا لگی اور پہلا خیال یہی آیا کہ واقعی یہ ضرب الامثال، کہاوتیں، محاورے، مقولے یوں ہی نہیں بن جاتے، بلاشبہ ان کی بُنت و ساخت میں صدیوں کے مشاہدات و تجربات کا نچوڑ شامل ہوتا ہے۔
اسی طرح خواتین سے متعلق بھی مختلف ممالک کی کچھ کہاوتیں، محاورے عام مستعمل ہیں، جو بہت حد تک درست ہی معلوم ہوتے ہیں۔جیسے ایک جاپانی کہاوت ہے کہ ”عورت زبان سے زیادہ آنکھوں سے بولتی ہے۔“ جب کہ ایک فرانسیسی کہاوت ہے،”مردوں کو سمجھو، عورتوں کو پڑھو۔“
پھر ایک امریکی کہاوت ہے کہ ”عورت کی محبت جتنی نرم و ملائم ہے، نفرت اتنی ہی سخت ہوتی ہے۔
“ ایک معروف یونانی کہاوت ہے کہ ”عورتیں اس لئے حسین ہوتی ہیں کہ مرد انہیں پسند کریں اور بے وقوف اس لئے کہ وہ مردوں کو پسند کر سکیں۔“ اور یہ بھی کہ ”حسین عورتیں عموماً بے وقوف ہوتی ہیں، اسی لئے مرد ہمیشہ خوبصورت عورت سے شادی کا خواہاں رہتا ہے۔“ اسی طرح کہیں پڑھا تھا کہ ”عورتوں کو واقعات اور حادثات مِن حیث المجموع یاد رہتے ہیں، جب کہ مردوں کو اُن کی تفصیلات کہ عورت Creator (خالق) ہے اور مرد Craftsman (کاریگر)۔
“ جبکہ یہ جملہ بھی کہیں نظر سے گزرا کہ ”کپاس ہمیشہ عورتیں ہی چنتی ہیں۔یہاں بھی، ولایت میں بھی کہ کپاس کا پھول، مرد کا ہاتھ پسند ہی نہیں کرتا۔“
نیز،”عورت کا دل، اُس کے دماغ پر حکومت کرتا ہے۔“،”عورت کو کبھی امتحان میں نہ ڈالو، سخت مایوس بھی ہو سکتے ہو۔“،”عورت گھر کی زینت ہی نہیں، روح بھی ہے۔“،”عورت کو کبھی انتقام پر نہ اُکساؤ، ورنہ ناگن کی طرح ڈس لے گی۔
“،”عورت ایسا پھول ہے، جو صرف سائے میں خوشبو دیتا ہے۔“،”ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔“ اور”عورتیں جدت اور مرد قدامت کے ساتھ خوش رہتے ہیں۔“ وغیرہ وغیرہ جیسے کئی مقولے بحیثیت عورت تو ہمہ وقت دل و دماغ میں بسے ہی رہتے ہیں، لیکن خصوصیت کے ساتھ جب خواتین سے متعلق کچھ لکھنے کا قصد کیا جائے، تو پھر تو گویا ایسے تصورات و خیالات کی بھرمار و یلغار ہی ہو جاتی ہے۔
ان دنوں گرمی نے چودہ طبق روشن کر رکھے ہیں۔کبھی کہا جاتا تھا کہ ”عورت کے موڈ اور ہمارے موسم کا کوئی اعتبار نہیں، کب تبدیل ہو جائے۔“ مگر اب تو گلوبل وارمنگ نے دنیا بھر کا موسم ہی بالکل بے اعتبار کر دیا ہے، اور خصوصاً جون، جولائی کی گرمی بلکہ اب تو مئی نے بھی جیسے چہار سو آگ سی دہکا رکھی ہے، پھر بجلی کے بھاری بھرکم بلز، لوگ پنکھے چلانے سے خوف زدہ ہیں، ایئر کنڈیشنرز کا تو تصور ہی محال ہے۔خواتین خانہ کے لئے باورچی خانے، تندور بنے ہوئے ہیں۔