مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے، ناکامی جمہوریت کیلئےخطرہ ہوگی: شاہ محمود قریشی

لاہو: سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مذاکرات تحریک انصاف نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت ہیں اور مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کے دور کے لیے خطرہ ہوگی۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، میری دعا ہے کہ مذاکرات کسی منطقی نتیجے تک پہنچیں کیونکہ مذاکرات کی ضرورت پاکستان کو ہے تحریک انصاف کو نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات مثبت نتیجے پر جانے چاہئیں ورنہ حکومت ڈگمگا جائےگی، مذاکرات کی ناکامی جمہوریت کے لیے خطرہ ہوگی، مذاکرات ہونے دیں، حکومت وقت پورا کرتی ہے یا نہیں وہ بعد کی بات ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی سوچ اور فیصلہ ملک کے مفاد کے لیے ہے، تحریک انصاف نے نیک نیتی سے مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے، جمہوریت کے دعویدار سنجیدگی سے مذاکرات آگے بڑھائیں۔
ان کا کہنا تھا ہمارا کوئی ناجائز مطالبہ نہیں ہے، جو سیاسی قیدی ہیں ان کو رہا کیا جائے، ضمانت تو قتل کے ملزم کو بھی مل جاتی ہے، ہم ڈیڑھ سال سے جیل میں ہیں، ضمانت ملی نہ کیس شروع ہوا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بلاول کو پتا ہونا چاہیے کہ ملک کی ضرورت کیا ہے، آج تک سول ملٹری اتفاق سے ہی ترقی ممکن ہوئی، سیاسی دانش مندی وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں