بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بنگلہ دیش کی تاریخ کے کامیاب بیٹرز میں سے ایک مشفق الرحیم نے کہا کہ میں آج سے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں اور جو کچھ حاصل کیا اس پر اللہ کا شکرگزار ہوں۔
مشفق الرحیم نے کہا کہ عالمی سطح پر ہماری کامیابی محدود ہوں تاہم ایک چیز واضح ہے کہ جب بھی میں اپنے ملک کے لیے میدان میں اترا میں پوری دیانت داری اور عزم کے ساتھ 100 فیصد سے زیادہ توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے گزشتہ چند ہفتے بہت چیلنجنگ رہے اور میں محسوس کیا کہ یہی میری منزل ہے اور اللہ نے قرآن میں کہا ہے کہ ‘و تعز من تشا و تزل من تشا’۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں ایمان سے نوازے اور ہمارےگناہوں پر معافی دے۔
مشفق الرحیم نے کہا کہ میں اپنے خاندان، دوستوں اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جن کے لیے میں نے 19 سال کرکٹ کھیلی۔
بنگلہ دیش کے سابق کپتان 37 سالہ مشفق الرحیم 6 اگست 2006 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور آخری میچ 24 فروری 2025 کو چمپیئنز ٹرافی کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔
مشفق الرحیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے 19 سالہ کیریئر میں مجموعی طور پر 274 ون ڈے میچز کھیلے اور 256 اننگز میں کارکردگی دکھانے کا موقع ملا، جس میں انہوں نے 36.42 کی اوسط سے 7 ہزار 795 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے ایک روزہ کیریئر میں 9 سنچریاں اور 49 نصف سنچریاں بنائیں، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں چھکوں کی سنچری بھی مکمل کر رکھی ہے۔
سابق کپتان تمیم اقبال کو بنگلہ دیش کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 8 ہزار 357 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے اور دوسرے نمبر پر مشفق الرحیم ہیں جبکہ تیسرا نمبر شکیب الحسن کا ہے۔
مشفق الرحیم میں ون ڈے کرکٹ میں 15 ستمبر 2018 کو سری لنکا کے خلاف دبئی میں 144 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جو ون ڈے میں ان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔