پاکستان کی نامور اداکارہ کبریٰ خان نے فروری میں شادی ہونے کی تصدیق کردی۔
کبریٰ خان اور گوہر رشید سے متعلق سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی عرصے سے خبریں زیرِ گردش ہیں کہ دونوں جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں تاہم اس حوالے سے دونوں میں سے کسی نے باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔
کچھ دن قبل گوہر رشید نے ایک مبہم ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جس میں کئی معروف شوبز شخصیات تھیں جبکہ اداکار نے اس پوسٹ میں ’’میرے یار کی شادی‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا تھا۔
اب ایک تقریب کے دوران کبریٰ خان سے ان کی شادی سے متعلق پوچھا گیا، اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ فروری میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہیں؟۔
جواب میں کبریٰ خان نے تصدیق کی اور کہا جی ہاں!، میری فروری میں شادی ہورہی ہے جس پر سوال کرنے والے نے کہا انشاء اللہ۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کبریٰ سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ گوہر کہاں، جس پر انہوں نے کہا حقیقت میں مجھے معلوم نہیں کہ وہ یہاں ہیں یا نہیں۔