کراچی: نئی متوقع امریکی سفری پابندیوں کی فہرست میں پاکستان کے شامل نہ ہونے کا امکان ہے ۔ اس سلسلے میں حتمی اعلان 13مارچ کو متوقع ہے جس میں12ممالک ممکنہ طور پر سفری پابندی کی زد میں رہیں گے جب کہ اس سلسلے میں امریکا میں پاکستانی سفارتی عملہ اور سرکردہ شخصیات پرامید ہیں۔
ایسے ہی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس حوالے سے پاکستان کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے کرنے میں بھارتی امریکن لابی انتہائی ملوث رہی ہے، اس کے ساتھ ہی پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کا گروپ بھی سازشیں کر رہا ہے۔ تاہم حال ہی میں امریکا کو مطلوب ایک خطرناک دہشتگرد کی پاکستان میں گرفتاری اور امریکا کو حوالگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ اور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ میں کافی قربت دیکھنے میں آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان حالیہ رابطے میں سفری پابندیوں کی فہرست سب سے زیادہ زیر بحث رہی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر امریکی سفری پابندیوں کے حوالے سے نرمی کا فیصلہ متوقع ہےذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کے مطابق آئندہ پاکستان سے زچگی کیلئے امریکا پہنچنے والی پاکستانی خواتین کی امریکی ائیرپورٹس پر سخت جانچ پڑتال اور ایسے کیسز کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، ورک اور اسٹوڈنٹ ویزوں کے حامل پاکستانیوں کی بھی امریکا میں سخت چھان بین کی جائے گی۔
اس کے علاوہ پاکستان سے امریکا جانے والی ایئر لائنز کیلئے ممکنہ طور پر نئی سفری ایڈوائزری جاری کی جا سکتی ہے۔
