ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلا ٹیسٹ: دوسرا روز ختم، پاکستان کو 202 رنز کی برتری

پہلے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، دن کے اختتام تک پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 109 رنز بنالیے، یوں پاکستان کی ویسٹ انڈیز پر برتری 202 رنز ہوگئی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل کم روشنی کی وجہ سے روک دیا گیا اور یہیں دن کے اختتام کا اعلان بھی کردیا گیا۔ اس موقع پر قومی بیٹرز سعود شکیل اور کامران غلام بالترتیب 2 اور 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی 3 وکٹ گرگئیں، کپتان شان مسعود 52، محمد ہریرہ 29 اور بابر اعظم 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ ساجد خان اور نعمان علی نے مہمان ٹیم کی اننگز کو صرف 25 اعشاریہ 2 اوورز میں ہی سمیٹ دیا۔

پاکستانی اسپنرز ویسٹ انڈیز کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئے۔ نعمان علی نے 5، ساجد خان نے 4 اور ابرار احمد نے ایک وکٹ لی۔

کی جانب سے 10ویں نمبر پر آنے والے ٹیل اینڈر جومیل ویریکین 31 اور 11ویں نمبر کے بیٹر جیڈن سیلز 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 10ویں نمبر کے کھلاڑی گوڈاکیش موتی نے 19 رنز بنائے جبکہ ٹاپ آرڈر میں سے کوئی کھلاڑی 11 رنز سے زیادہ نہ بناسکا جبکہ چھ کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

پاکستان ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ

اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے دوسرے روز سعود شکیل اور محمد رضوان نے پہلی نا مکمل اننگ کا دوبارہ آغاز کیا جس کے بعد پاکستان کی پانچویں وکٹ 187 اور چھٹی وکٹ 197 رنز پر گر گئی۔ اس دوران پہلے سعود شکیل 84 اور پھر سلمان علی آغا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس دوران محمد رضوان نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، جو زیادہ دیر نہ چل سکا۔ 200 کے مجمعوعے پر پہلے نعمان علی صفر پر جبکہ انکے بعد 71 رنز بنانے والے رضوان بھی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 225 رنز پر گری، خرم شہزاد 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ قومی ٹیم کی آخری وکٹ 230 رنز پر گری جب ساجد خان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان ٹیم نے پہلی اننگ میں مجموعی طور پر 68.5 اوورز بیٹنگ کی۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز اور جومیل وریکین نے 3، 3 جبکہ کیون سنکلیئر 2 اور گداکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز کھیل کا اختتام پاکستان ٹیم نے 4 وکٹ پر 143 رنز کے ساتھ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں