جنوبی بھارت کے اسٹار اداکار یش کے کیریئر اور شہرت کو فلم کے جی ایف کے دونوں حصوں نے پر لگادیے۔ وہ دیکھتے ہی دیکھتے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پسند کیے جانے لگے۔
تاہم بہت کم ہی لوگ یہ جانتے ہیں یش فلموں میں آنے سے قبل چائے بیچا کرتے تھے اور انکی دن بھر کی کمائی صرف 50 روپے ہوا کرتی تھی۔
تاہم کے جی ایف کی دونوں فلموں، جنہوں نے مجموعی طور پر 1500 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا، کناڈا سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھارت کے نامور اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
اس مقام تک پہنچنے کا یش کا سفر آسان نہ تھا۔ ایک بس ڈرائیور کے بیٹے کی حیثیت سے شروع ہونے والا یہ سفر جدوجہد اور محنت سے بھرا ہے۔
جب یش صرف 16 سال کے تھے تو انہوں نے اپنے والدین کو قائل کیا کہ وہ گھر چھوڑ کر سنیما کی دنیا کے خواب کو جینے دیں۔ انہیں ایک کناڈا فلم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر رکھا گیا تھا لیکن بنگلور پہنچنے کے دو دن بعد ہی یہ پروجیکٹ بند ہوگیا۔
یش کہتے ہیں، ’میں گھر سے بھاگ آیا تھا۔ جب بنگلور پہنچا تو یہ شہر بہت بڑا اور خوفناک لگا لیکن میں ہمیشہ خود پر اعتماد رکھنے والا انسان تھا۔ جدوجہد سے ڈرنے والا نہیں تھا۔ میرے پاس صرف 300 روپے تھے اور میں جانتا تھا کہ اگر واپس چلا گیا تو میرے والدین دوبارہ مجھے یہاں آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
300 روپے کے ساتھ بنگلور آنے کے بعد یش نے بینکا ڈرامہ ٹروپ میں شمولیت اختیار کی، جہاں انہوں نے اسٹیج کے پیچھے کام کرتے ہوئے اپنی گزر بسر کی۔ یہاں نوجوان یش نے چائے بیچنے جیسے چھوٹے موٹے کام کیے اور روزانہ 50 روپے کمائے۔ تھیٹر میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے انہوں نے کالج میں بھی داخلہ لیا۔
یش کو ٹی وی سیریل ’نندا گوکلا‘ میں اداکاری کا پہلا موقع ملا جہاں ان کی ملاقات ان کی مستقبل کی شریک حیات رادھیکا پنڈت سے ہوئی۔ 2007 میں، یش نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور ’جمبادا ہڈوگی‘ میں معاون کردار ادا کیا جبکہ 2008 میں فلم ’راکی‘ میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کیا۔
یش کو سب سے پہلی کامیابی رومانوی کامیڈی فلم ’مودلا سالا‘ سے ملی۔ اس کے بعد ’کرتکا‘ جیسی کامیاب فلموں نے انہیں ایک قابل اعتماد اداکار کے طور پر مشہور کیا۔ اگلے چند سالوں میں، یش نے ’موگینا ماناسو‘، ’ڈراما‘، ’گوگلی‘، ’مسٹر اینڈ مسز رامچاری‘ اور ’ماسٹر پیس‘ جیسی ہٹ فلمیں دیں۔
2018 میں یش نے کے جی ایف: چیپٹر 1 میں اداکاری کی جس نے باکس آفس پر تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے ڈھائی سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ یہ اس وقت تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی کناڈا فلم تھی۔
چار سال بعد کے جی ایف: چیپٹر 2 نے اس کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 1250 کروڑ کا بزنس کیا۔ یہ فلم بھارتی سنیما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہوگئی اور 1000 کروڑ سے زیادہ کمانے والی واحد کناڈا فلم بنی۔
کے جی ایف کی کامیابی نے یش کو قومی سطح پر شہرت دلائی اور انہیں کناڈا سنیما سے باہر بھی پہچان ملی۔ انہیں نتیش تیواری کی ایک مذہبی فلم میں اہم کردار نبھانے کےلیے سائن کیا گیا۔ اس فلم میں رنبیر کپور اور سائی پلوی بھی شامل ہیں، یہ بھارت کی سب سے مہنگی پروڈکشنز میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے۔
یش اس فلم میں بطور شریک پروڈیوسر بھی شامل ہیں اور رپورٹس کے مطابق انہوں نے اس فلم کےلیے 200 کروڑ معاوضہ وصول کیا ہے۔ یہ کسی ایسے شخص کےلیے ایک حیرت انگیز سفر ہے جو کبھی روزانہ صرف 50 پر گزارا کرتا تھا۔