یروشلم :اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ حسن نصراللہ کو شہید اور رواں برس ستمبر میں لبنان میں ہونے والے پیجر حملے اسرائیل نے کیے تھے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق بینجمن نیتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس میں اعتراف کیا کہ حزب اللہ پر پیجر اور واکی ٹاکی حملوں کے پیچھے ان کا ہاتھ تھا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ پیجر اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کرنے کی کارروائی محکمہ دفاع کے سینئر عہدیداروں کی مخالفت کے باوجود کی گئی اور اس کے ذمہ دار سیاسی بساط میں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے اسرائیلی فوج اور انٹیلی جینس کے سربراہ کے ساتھ ساتھ حال ہی میں برطرف کیے گئے وزیردفاع یوو گیلنٹ پر زیادہ تنقید نہیں کی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 16 ستمبر کو لبنان میں حزب اللہ کے زیر استمعال پیجر اور واکی ٹاکی کے دھماکوں کی ذمہ داری کھل کر تسلیم نہیں کی تھی۔