امریکا میں دورانِ پرواز پائلٹ کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اس کی بیوی نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود ہی جہاز کو بحفاظت لینڈ کرا لیا۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق لاس ویگاس میں مقیم 69 سالہ یوان کنین ویلز رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ہیں جنہیں ہوائی جہاز اڑانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔حال ہی میں خاتون اپنے 78 سالہ شوہر ایلیٹ الپر کو دورانِ پرواز دل کا دورہ پڑنے کے بعد جہاز کو محفوظ طریقے سے لینڈ کرنے میں کامیاب رہیں۔
ایلیٹ الپر اور یوان کنین ویلز لاس ویگاس کے ہینڈرسن ایگزیکٹیو ایئر پورٹ سے کیلیفورنیا کے شہر مونٹیری جانے کے لیے 2 انجن والے بیچ کرافٹ کنگ ایئر 90 طیارے میں روانہ ہوئے۔دورانِ پرواز ایلیٹ الپر کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد یوان کنین ویلز نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور جہاز کا کنٹرول خود سنبھالا۔
یوان کنین ویلز نے ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے طیارے کا رخ قریبی ایئر پورٹ کی طرف موڑ دیا اور چند منٹ بعد طیارے کو باحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ طیارے کی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے فوراً بعد ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا لیکن اس کے باوجود بھی ایلیٹ الپر جانبر نہ ہو سکے۔