وثوق ذرائع نے بتایا کہ انگلینڈ میں کرکٹر حسن علی کی کہنی کی سرجری ہوگئی اور وہ مزید کچھ روز انگلینڈ میں قیام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پی سی بی میڈیکل پینل رپورٹ موصول ہوتے ہی حسن علی کا ری ہیب تشکیل دے گا۔
اس کے علاوہ فاسٹ باؤلرز محمد وسیم جونیئر، ارشد اقبال اور احسان اللہ کی ری ہیب کا عمل بھی جاری ہے تاہم تینوں فاسٹ باؤلرز کو تاحال باؤلنگ کی اجازت نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ احسان اللہ اپنے آبائی علاقے میں فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں ہلکی پھلکی ٹریننگ کر رہے ہیں البتہ انہیں انجری سے صحتیاب ہونے میں کم سے کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 1 سال لگ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ میڈیکل پینل نے ارشد اقبال کے ٹخنے کی انجری کا قطر سے معائنہ بھی کرا لیا ہے اور غیرملکی آرتھوپیڈک اسپیشلسٹ کی تجاویز پر پی سی بی نے ری ہیب پروگرام تشکیل دے دیا ہے۔کمر کی انجری کا شکار محمد وسیم جونیئر بھی ابھی تک مکمل فٹنس حاصل نہیں کر سکے اور ان کی انجری کی بھی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پی سی بی میڈیکل آئندہ ہفتے احسان اللہ، ارشد اقبال اور وسیم جونیئر کی انجری کا جائزہ لے گا جہاں میڈیکل پینل میں پروفیسر رانا دل آویز، پروفیسر جاوید اکرم اور ڈاکٹر ممریز شامل ہیں۔