انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوینٹی کے 15 ویں میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے محمد عامر کی شاندار باولنگ اور فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت شارجہ وارئیرز کو 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیزرٹ وائپرز نے شارجہ واریئرز کی جانب سے دیا گیا 92 رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز میں عبور کر لیا جس میں فخر زمان 71 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ، انہوں نے 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھ میدان میں اترنے والے ایلیکس ہیلز 23 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
اس سے قبل ڈیزرٹ وائپرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور شارجہ واریئرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر شارجہ کی پوری ٹیم 91 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جس میں جیسن رائے 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ لیوک ویلز اور ہرمیت سنگھ نے 11 ، 11 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو پایا ۔
ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے محمد عامر نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز کے دے کر مخالف ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ ان کے علاوہ ہسارنگا نے 3 ، سیم کیورن نے دو جبکہ ڈیوڈ پائن نے ایک وکٹ حاصل کی ۔