سردیوں کا موسم مولی کے مزے دار ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا بہترین وقت ہوتا ہے۔ چاہے یہ نرم اور مزیدار مولی کے پراٹھے ہوں، ذائقہ دار مولی کی سبزی، یا تازہ مولی کا سلاد، یہ کئی طرح سے سردیوں کا ایک لازمی جزو ہے۔ مولی کا ذائقہ نہ صرف آپ کے کھانے میں مزہ پیدا کرتا ہے بلکہ یہ غذائی اجزا سے بھرپور بھی ہے، جو اسے آپ کی خوراک میں صحت بخش اضافہ بناتا ہے۔تاہم کچھ لوگوں کے لیے مولی گیس، پیٹ پھولنے، یا اپھارہ کا سبب بن سکتی ہے، جو اس سبزی کا لطف خراب کر سکتی ہے۔ مگر پریشان نہ ہوں، چند آسان ٹپس اور تراکیب کے ذریعے آپ بغیر کسی تکلیف کے مولی کے غذائی فوائد کا لطف لے سکتے ہیں ۔
این ڈی ٹی وی فوڈ پر معروف ماہر غذائیات لیما مہاجن نے مولی کھانے کے دوران گیس اور پیٹ پھولنے سے بچنے کے کچھ مؤثر طریقے شیئر کیے ہیں:
1. کچی مولی کھانے سے پہلے بھگوئیں
اگر آپ مولی کو سلاد میں شامل کر رہے ہیں یا اسے بطور سنیک کھا رہے ہیں تو اسے کھانے سے پہلے بھگونا مفید ہو سکتا ہے۔ مولی کے پتلے ٹکڑے یا چھوٹے حصے کاٹ کر تقریباً 30 منٹ تک ٹھنڈے پانی میں بھگوئیں۔ یہ آسان طریقہ ان اجزا کو ختم کرنے میں مدد کرتا ہے جو گیس اور تکلیف کا سبب بنتے ہیں۔
2. مولی کے پراٹھے
مولی کے پراٹھے سردیوں کی خاص سوغات ہیں، مگر اگر یہ گیس یا اپھارہ کا باعث بنتے ہیں تو ایک آسان حل یہ ہے کہ مولی کو کدوکش کرنے کے بعد اس کا پانی نچوڑ لیں۔
3. ہاضمے میں مدد دینے والے مصالحے شامل کریں
مولی کو ہضم کرنے کے لیے بہتر بنانے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے ایسے مصالحوں کے ساتھ پکائیں جو ہاضمے کے لیے مشہور ہیں۔
4. پروبائیوٹک کے ساتھ کھائیں
مولی کو دہی یا دیگر پروبائیوٹک غذاؤں کے ساتھ کھانے سے یہ زیادہ آسانی سے ہضم ہو سکتی ہے۔
5. خالی پیٹ مولی کھانے سے پرہیز کریں
مولی کو ہمیشہ متوازن کھانے کے ساتھ کھائیں تاکہ ہاضمہ بہتر ہو اور اپھارہ سے بچا جا سکے۔
6. مولی کو اچھی طرح پکائیں
پکی ہوئی مولی گیس پیدا کرنے والے اجزا کو کم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔
7. اعتدال میں کھائیں
مولی کا زیادہ استعمال ہاضمے پر دباؤ ڈال سکتا ہے، اس لیے اسے مناسب مقدار میں کھائیں۔
8. پانی زیادہ پئیں
مولی جیسی فائبر سے بھرپور غذاؤں کے ہاضمے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال ضروری ہے۔
9. کھانے کے بعد چہل قدمی کریں
مولی کھانے کے بعد 10 منٹ کی ہلکی پھلکی چہل قدمی ہاضمے کو بہتر بناتی ہے۔
ان آسان ٹپس پر عمل کرکے آپ مولی کے ذائقے اور فوائد کا لطف بغیر کسی پریشانی کے اٹھا سکتے ہیں۔