وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) پروگرام دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ نو مئی ناقابل معافی جرم ہے، پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) پروگرام دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے معاشی ترقی کیلئے ذاتی کوششیں کیں، برادر ملک کا دورہ کر کے آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بات کی، افواج پاکستان اور شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم قابل مذمت ہے۔شہباز شریف نے بتایا کہ دورہ امریکا کے دوران بنگلہ دیشی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر یونس، برطانوی وزیر اعظم کئیر اسٹارمر اور ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات ہوئی اور بطور منتخب وزیراعظم دنیا تک پاکستان کے عوام کی آواز پہنچائی۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، لبنان میں ہونے والے واقعات کی بھرپور مذمت کی مطالبہ کیا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی ہو ، فلسطین کی آزاد ریاست کا فی الفور قیام ضروری ہے ، فلسطینیوں کو یو این میں نمائیندگی ملنی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برادر ممالک سعودی عرب ، یو اے ای اور چین کی مدد کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام نہ ملتا۔