اسلام آباد: آرٹیکل 63 اے کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی نے بینچ کی تشکیل کو غیرقانونی قرار دے دیا، چیف جسٹس نے اعتراض مسترد کردیا اور کہا کہ ہم سب کا مشترکہ فیصلہ ہے بینچ کے اعتراض کو مسترد کرتے ہیں۔سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔ بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس مظہر عالم شامل تھے۔
عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر سمیت دیگر، پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر موجود تھے۔صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت روسٹرم آئے اور گزشتہ روز کی طرح دلائل کو جاری رکھا۔ سماعت میں 63 اے کے تفصیلی فیصلے سے متعلق رجسٹرار کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ تفصیلی فیصلہ 14 اکتوبر 2022ء کو جاری ہوا۔
شہزاد شوکت نے کہا کہ تفصیلی فیصلے کے انتظار میں نظرثانی دائر کرنے میں تاخیر ہوئی۔جسٹس جمال نے کہا کہ عام بندے کا کیس ہوتا تو بات اور تھی کیا سپریم کورٹ بار کو بھی پتا نہیں تھا نظرثانی کتنی مدت میں دائر ہوتی ہے؟
شہزاد شوکت نے کہا کہ مفادِعامہ کے مقدمات میں نظرثانی کی تاخیر کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے، مفادِعامہ کے مقدمات کو جلد مقرر بھی کیا جاسکتا ہے، نظرثانی دو سال سے سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی تھی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ نظرثانی درخواست تاخیر سے دائر ہوئی جس کے باعث مقرر نہیں ہوئی، میں پہلے ایک بیان دے دوں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت میں بیان نہیں گزارشات سنتے ہیں، بیان ساتھ والی عمارت پارلیمنٹ میں جا کر دیں، آپ بتائیں نظرثانی فیصلے کے خلاف ہوتی ہے یا اس کی وجوہات کے خلاف ہوتی ہے؟بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کل کے دلائل بہت میٹھے تھے، چیف جسٹس نے مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ آج کے دلائل کل سے بھی زیادہ میٹھے ہوں گے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یعنی آپ کو کل کے دلائل پسند آئے تھے؟ جسٹس نعیم افغان نے لقمہ دیا کہ شیریں اور تلخ کی ملاوٹ سے ہی ذائقہ بنتاہے۔وکیل علی ظفر نے اپنی بات کو آگے بڑھایا اور کہا کہ میں بتانا چاہتاہوں کہ آج میں تلخ دلائل دوں گا، میں نے درخواست دائر کی لیکن سپریم کورٹ کے آفس نے منظور نہیں کی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ہمیں درخواست کا بتا دیں، آپ نے صبح دائر کی ہوگی۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مجھے دلائل دینے کے لیے وقت درکار ہے، مجھے بانی پی ٹی آئی سے کیس پر مشاورت کرنی ہے، وہ سابق وزیراعظم ہیں اور درخواست گزار بھی ہیں اور انہیں آئین کی سمجھ بوجھ ہے انہیں معلوم ہے کہا کہنا یے کیا نہیں اس لیے مجھے اجازت دیں کہ عمران خان سے اس معاملے پر مشاورت کرلوں۔