قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا ہے کہ اگر وائٹ بال ٹیم میں آیا تو پھر کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کروں گا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسپنر ساجد خان کا کہنا تھا کہ میرا فوکس اپنے ملک اور ٹیم کے لئے پرفارم کرنے پر ہوتا ہے، کوشش رہی ہے کہ مخالف ٹیم کو رنز بنانے سے روکیں اور وکٹیں حاصل کریں، میں وکٹ لینے کی کوشش کررہا تھا اس لیے آخر میں اسکور پڑے۔
قومی اسپنر کا کہنا تھا کہ میں نے پرفارمنس پر باہر ہونے کی بات ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے کی تھی، میں پینتھرز ٹیم کی طرف سے کھیلتا ہوں وہاں ثقلین مشتاق مینٹور ہیں تو ان سے سیکھنے کو ملتا ہے۔
ساجد خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم کل 300 سے زائد ٹارگٹ دے دیں تو میچ جیت سکتے ہیں، ویسٹ انڈیز کی حکمت عملی دیکھ کر اپنا پلان بنائیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ اس بار نیٹ میں نئے گیند کے ساتھ بولنگ کی تیاری کرکے آیا ہوں، اگر وائٹ بال میں آیا تو پھر کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اگر اسپن وکٹیں تیار کرکے جیت رہے ہیں تو یہ اچھی بات ہے، ہم جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا جاتے ہیں تو وہ بھی اپنے مرضی کی پچز تیار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگ میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔