اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مجھے تو اس احتجاج کا مقصد سمجھ نہیں آتا، یہ غیر سنجیدہ سا احتجاج اور خالی خولی دھمکی ہے۔عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایئرپورٹ سے لے کر ریڈ زون تک کا علاقہ بالکل محفوظ ہے۔ تحریک انصاف کی احتجاج کی کال خالی خولی دھمکی ہے۔ مجھے تو اس احتجاج کا مقصد سمجھ نہیں آتا، یہ غیر سنجیدہ سا احتجاج اور خالی خولی دھمکی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، بلوم برگ نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا، پالیسی ریٹ کم ہونے سےسرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی کی شرح کم ہو کر 6.9 فیصد تک گرچکی، آئی ٹی کی برآمدات کو تیزی سےبڑھایا جارہا ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی ابھرتی معیشت کو مثبت انداز میں دیکھاجارہا ہے۔
پاکستان میں 27 سال بعد اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد فخر کی بات ہے، چین کے وزیراعظم لی چیانگ کا 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ جو لوگ 9 مئی کے حملے کرسکتے ہیں، شہدا کی یادگاریں مسمار کرکے ان کی بے حرمتی کرسکتے ہیں، جو لوگ ملک کو دیوالیہ کرانے کیلیے آئی ایم ایف کو خط لکھ سکتے ہیں، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی لیڈر پاکستان سے بڑا ہے تو میں یہ بات واضح کردوں کہ مجھ سمیت کوئی سیاسی جماعت اور کوئی سیاسی رہنما پاکستان سے بڑا نہیں ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان ہے تو سیاستدان ہیں، پاکستان ہے تو یہ ساری گہما گہمی اور رونقیں ہیں، یہ وزارتیں، یہ مشیر، یہ عہدے، یہ افسران، سب کچھ پاکستان کے مرہون منت ہے، اگر کوئی کہے گا کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں ، تو اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے تو اس احتجاج کا مقصد سمجھ نہیں آتا، یہ غیر سنجیدہ سا احتجاج ہے، یہ خالی خولی دھمکی ہے۔