زیورات کے بغیر دلہن کی تیاری کا تصور ناممکن ہے۔اگر یہ زیورات نفیس اور دلکش ڈیزائن پر مبنی ہوں تو دلہن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔عروسی لباس کے ساتھ زیورات کا درست انتخاب اور انہیں جدید فیشن سے ہم آہنگ کرنا بے حد ضروری ہے۔زیورات کے بغیر دلہن کی تیاری کا تصور ناممکن ہے۔اگر یہ زیورات نفیس اور دلکش ڈیزائن پر مبنی ہوں تو دلہن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔
جیولری ٹرینڈ کی بات کی جائے تو ان دنوں جدید طرز کے پسند کئے جا رہے ہیں اور ان مقبول ہونے والے ڈیزائن میں آپ کیلئے کیا خاص ہے آئیے جانتے ہیں۔
گلے میں پہننے والی جیولری کا ڈیزائن ہر بدلتے سال اور موسم میں تبدیلی چاہتا ہے۔اب دلہنیں ایک سے زائد گلے کے زیورات پہننے کے بجائے کسی ایک خوبصورت جیولری سیٹ کا انتخاب کرتی ہیں۔
یہ زیورات سونے کے بھی پہننے جاتے ہیں۔
عام طور پرکندن، موتیوں یا پھر سات لڑیوں والے ہار عروسی زیورات کے طور پر تیار کئے جاتے ہیں۔آپ اگر ٹرینڈ کو فالو کرنا چاہتی ہیں تو اپنی شادی کیلئے اسٹیٹمنٹ اسٹائل کی جیولری تیار کروائیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ عروسی زیورات کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ بھاری زیورات ہوں، انہیں ایسا ہونا چاہئے کہ وہ آپ پر سوٹ کریں۔
سر پر سجی ماتھا پٹی کسی بھی دلہن کو شہزادیوں جیسا حسن عطا کرتی ہے اور اگر ٹرینڈ کی بات کی جائے تو ماتھا پٹی، مانگ ٹیکے سے زیادہ مقبول ہے۔
کچھ عرصہ قبل دلہنیں بارات کے موقع کیلئے بھی مانگ ٹیکے کا انتخاب کرتی تھیں، جن میں کندن پر بنا چاند نما مانگ ڈیزائن خاصا مقبول تھا۔تاہم، اب مانگ ٹیکا دلہن کی جیولری سے نکل کر بہنوں اور کزنز کی جیولری کا بھی لازمی انتخاب نظر آتا ہے جبکہ دلہنیں بارات کیلئے زیادہ تر مانگ ٹیکا کے ساتھ ماتھا پٹی کا استعمال کرتی ہیں۔آج کل کندن اور موتیوں کے علاوہ ڈائمنڈ لگے ماتھا پٹی کافی پسند کئے جا رہے ہیں جو شاہانہ انداز بخشتے ہیں۔
ان دنوں دلہنیں وَن سائیڈڈ مانگ ٹیکا پسند کر رہی ہیں، مانگ ٹیکے کا یہ انداز زیورات میں ایک نیا اضافہ ہے۔یہ خوبصورت زیور تین لڑیوں سے جڑا ہوتا ہے، جو مانگ ٹیکے کے ساتھ بالوں کے رُخ جاتی ہوئی کشادہ پیشانی پر چودہویں کے چاند کی طرح دمکتی نظر آتی ہیں۔فیشن ماہرین کے مطابق عام طور پر وَن سائیڈڈ مانگ ٹیکا لمبا اور بیضوی چہرہ رکھنے والی خواتین پر بے حد سوٹ کرتا ہے جبکہ گول چہرے اور کشادہ پیشانی رکھنے والی خواتین مغلیہ طرز پر بنی مانگ ٹیکا سے جُڑی ماتھا پٹی کا انتخاب کر سکتی ہیں، جو ان کے خاص دن کی رعنائی میں اضافہ کر سکتی ہے۔یہ زیور سونے میں بھی بنوایا جاتا ہے۔