اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کا منصوبہ لیکر اسلام آباد آئی ہیں، ان کا پراسیس خون خرابے سے چلتا ہے ، اب بھی وقت ہے باز آجائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بچوں کو فرنٹ لائن پر کھڑاکیا ہوا ہے، بشریٰ بی بی شہید ملت کے پاس پیچھے چھپی ہوئی ہیں، آئیں سامنے آکر سامنا کریں، قاسم اور سلمان کو فرنٹ لائن پر لائیں، ہم تو فرنٹ لائن پر موجود ہیں، ہم بھرپور ریسپانس کررہے ہیں، آپ کے مقاصد وہی ہیں جو 9مئی کے تھے، رینجرز کے اہلکار جو شہید ہوئے خون کس کے ہاتھ پر تلاش کیا جائے؟۔
انہوں نےکہا کہ ہم پاکستان پر ہر شے وارنے کیلئے تیار ہیں، آپ چاہتے ہیں پورے ملک میں انتشار پھیلے، پورے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے کوئی نہیں نکلا، بشریٰ بی بی خود نکل کر سامنے فرنٹ لائن پر آئیں، ریاست صبر کا مظاہرہ اس لیے کررہی ہے کہ آپ کا لاشیں گرانے کا مقصد پورا نہ ہو۔
عطاتارڑ کاکہنا تھا کہ تحریک انتشار کی پوری لیڈر شپ کا مقصد ایک ہے، ان کا مقصد ہے لاشوں پر سیاست کی جائے، بشریٰ بی بی افغانیوں اور کرائے کے لوگوں کے پیچھے کیوں چھپی ہیں؟ یہ منافقت،انتشار اور تشدد کی سیاست کے تحت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنا چاہتے ہیں،یہاں جوانوں کا مورال بلند ہے،صبر کا امتحان مت لیں۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ نے خبردار کیا کہ کسی کو بیلاروس کے صدر کا دورہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم محاذ پر ڈٹے ہیں ،ان کو پیش قدمی نہیں کرنے دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، کہا تھا لوگ گرفتار ہوں گے، پکڑے جانے والے کہہ رہے ہیں ہمیں اتنے پیسے ملے ہیں، اب بھی وقت ہے باز آجائیں،واپس چلے جائیں، ریاستوں کا جب صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا ہے تو نتائج بہت بھیانک ہوتے ہیں۔