بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی پر سینیٹر فیصل واؤڈانے ردعمل دے دیا۔ایک بیان میں فیصل واﺅڈا نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی آج رہا ہوجائیں گی، وہ رہا ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی پر کوئی کیس بھی نہیں بنا۔
فیصل واؤڈاکا کہنا ہے کہ وی آئی پی طریقے سے گاڑیاں بھی جیل کے اندر جانے دیں۔واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی۔اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کیے جس کے بعد جیل انتظامیہ نے قانونی کارروائی مکمل کر کے بشریٰ بی بی کو رہا کر دیا۔
رہائی کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے روانہ ہوئیں اور کچھ دیر بعد وہ اپنی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئیں۔اس موقع پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کی گئی تھی۔