بچوں کی اچھی صحت کے لئے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز ہو گیا۔
سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت بچوں کی مفت سکریننگ اور غذائیت سے بھرپور فوڈ دیا جائیگا، پراجیکٹ میں 25 سکولوں کے 38 ہزار بچوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پائلٹ پراجیکٹ کیلئے آن لائن پورٹل بھی قائم کر دیا گیا ہے، والدین، پرنسپل اور ماہر غذائیات پنجاب فوڈ اتھارٹی ویب سائٹ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اب تک 7 ہزار بچوں کی سکریننگ مکمل ہو چکی ہے، اس دوران 22 سو بچوں کی صحت اور نشوونما شدید متاثر پائی گئی، ہر سکول میں پرنسپل اور 2 اساتذہ پر مشتمل کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 10 لاکھ طالبات اور 30 لاکھ طلباء کو فوڈ چیمپئن بنایا جائے گا جبکہ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے نیوٹریشن کے معاملات میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے کردار کو سراہا۔
معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ مقابلے کا امتحان ہو یا کرکٹ کا میدان، صحت انتہائی ضروری ہے، بچوں کی صحت سے متعلق اعداد و شمار لمحہ فکریہ ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں غذائیت کے متعلق آگاہی کا شدید فقدان ہے، فوڈ اتھارٹی پنجاب نے نیوٹریشن مشن لاہور سے راجن پور تک پھیلا دیا ہے۔