چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر ہائبرڈ ماڈل کی ضد کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ملک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کےلیے ہائبرڈ فارمولا ماننے سے انکار کردیا۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 2031 تک بھارت میں شیڈول تمام آئی سی سی ایونٹس کےلیے ہائبرڈ ماڈل ہی اپنانے کا فارمولا پیش کیا تھا کہ اگر چیمپیئنز ٹرافی کےلیے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پھر گرین شرٹس بھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے کیونکہ سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے حکومت اجازت نہیں دے گی۔
تاہم اب بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے موقف اپنایا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، اس لیے کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا۔
قبل ازیں بھارت کے علاوہ آئی سی سی کے وفد پاکستان میں سیکیورٹی اور اسٹیڈیمز کی تعمیرات کا جائزہ لے کر جاچکے ہیں لیکن کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، تاہم بھارت نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے تحت ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2025، ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اور 2029 کی چیمپیئنز ٹرافی کے علاوہ 2031 کا ون ڈے ورلڈکپ بھی بھارت میں ہی شیڈول ہے۔رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس طلب کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایونٹ کی مکمل میزبانی کرنے پر قائم ہے جبکہ ہائبرڈ کی صورت میں دو ٹوک موقف پر قائم ہے کہ 2031 تک تمام ایونٹس جو بھارت میں ہوں گے انہیں بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا جائے گا، جس پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔