بھارتی فلمساز رام گوپال ورما کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری

معروف بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کی رپوٹ کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت نے چیک باؤنس ہونے کے معاملے میں رام گوپال ورما کو 3 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فلم ساز کو سیکشن 138 کے نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رام گوپال ورما کے خلاف یہ عدالتی فیصلہ 21 جنوری کو سنایا جانا تھا لیکن ان کی غیر موجودگی کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مجسٹریٹ نے بھارتی فلم ساز کی عدالت میں غیر حاضری پر ہی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیا۔

عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اس مقدمے کی سماعت کے دوران حراست میں نہیں گزارا، اس لیے’سی آر پی سی‘ کی دفعہ 428 کے تحت اُنہیں کوئی رعایت ملنا ممکن نہیں۔

عدالت نے رام گوپال ورما کو متاثرہ کمپنی کو 3 ماہ کے اندر 3.72 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر بھارتی فلمساز نے متاثرہ کمپنی کو مذکورہ رقم ادا نہیں کی تو اُنہیں مزید 3 ماہ کی قید کا سامنا کرنا ہو گا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ کیس 2018ء میں کمپنی شری کی جانب سے مہیش چندر مشرا نے دائر کیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رام گوپال ورما کی مالی مشکلات کورونا وباء کے دوران بڑھ گئیں تھیں اور اُنہیں اپنا دفتر بھی فروخت کرنا پڑ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں